لکھنؤ، 17 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش میں کانگریس کا ایس پی اور بی ایس پی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا ہے لیکن کانگریس کی طرف سے ایس پی۔بی ایس پی اور آر ایل ڈی کے لئے 7 سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کا یہ اعلان نئے سگنل کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔اتر پردیش میں کانگریس صدر راج ببر نے ایک پریس کانفرنس کرکے بتایا کہ یوپی میں ان 7 سیٹوں پر کانگریس اپنے امیدوار نہیں اتارے گی جہاں سے ایس پی۔بی ایس پی اور آر ایل ڈی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ان سیٹوں میں مین پوری، قنوج، فیروز آباد کی سیٹ شامل ہیں۔اس کے علاوہ کانگریس ان سیٹوں پر اپنے امیدوار نہیں اتارے گی جہاں سے مایاوتی، آر ایل ڈی کے اجیت سنگھ اور جینت چودھری الیکشن لڑیں گے۔راج ببر نے بتایا کہ وہ اپنا دل (کرشنا پٹیل ) کو بھی دو نشستیں دیں گے۔جن گونڈا اور پیلی بھیت شامل ہے۔راج ببر نے بتایا کہ ہم بڑی پارٹی کے ساتھ بھی بات چیت کی پوزیشن میں ہیں۔ بڑی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں سیٹ کا مطالبہ نہیں کیا ہے وہ اسمبلی انتخابات میں کچھ سیٹیں چاہتے ہیں۔لوک سبھا انتخابات میں وہ جن بھی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتاریں گے، ان کے لئے کانگریس کے انتخابی نشان سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔راج ببر نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کیا کر سکتے ہیں۔کانگریس پارٹی کے لیڈر راج ببر نے بتایا کہ اتر پردیش میں ہم جن ادھیکار پارٹی کے ساتھ 7 سیٹوں پر سمجھوتہ کر چکے ہیں۔ان سات میں سے 5 سیٹوں پر جن ادھیکارپارٹی کے امیدوار اتریں گے تو وہیں 2 سیٹوں پر کانگریس کے امیدوار اپنی امیدواری پیش کریں گے۔بتا دیں کہ ایس پی۔بی ایس پی اور آر ایل ڈی نے کانگریس کے لئے 2 سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں راہل گاندھی کی امیٹھی سیٹ اور سونیا گاندھی کی رائے بریلی سیٹ شامل ہیں۔